عمران خان کیخلاف ہرجانے کا کیس: وزیر اعظم ویڈیو لنک پر جرح کیلئے طلب

09-08-2025

(لاہور نیوز) لاہور کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے کیس میں وزیر اعظم شہباز شریف کو جرح کیلئے طلب کر لیا۔

ایڈیشنل سیشن جج نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 10 ارب روپے ہتک عزت کے دعویٰ پر سماعت کی، دوران سماعت عمران خان کے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث کیس میں کوئی پیشرفت نہ ہو سکی۔ عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ویڈیو لنک پر جرح کیلئے 12 ستمبر کو طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلا 10 بجے عدالت میں پیش ہوں۔ واضح رہے کہ عمران خان  نے اپریل 2017 میں الزام لگایا تھا کہ شہباز شریف نے پاناما لیکس کے معاملے پر چپ رہنے اور موقف سے پیچھے ہٹنے کیلئے انہیں 10 ارب روپے کی پیشکش کی۔ 10 ارب روپے کی پیشکش کے اس الزام پر جولائی 2017 میں اُس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عمران خان کیخلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا کیس دائر کر رکھا ہے۔