گجرات میں سیلابی صورتحال، وزیراعلیٰ پنجاب کے ہنگامی اقدامات، مشینری پہنچا دی

09-06-2025

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گجرات میں سیلابی صورتحال پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ہنگامی اقدامات کا جامع پلان نافذ کر دیا۔

وزیراعلیٰ کے احکامات پر پنجاب کے پانچ بڑے شہروں سے واسا کی بھاری مشینری اور عملہ گجرات پہنچا دیا گیا ہے جبکہ پانچ صوبائی سیکرٹریز بھی شہر میں موجود ہیں۔ وزیراعلیٰ  نے تمام متعلقہ سیکرٹریز  ہاؤسنگ، کمیونیکیشن، ورکس، لوکل گورنمنٹ اور آبپاشی کو گجرات میں قیام اور صورتحال بہتر ہونے تک چوبیس گھنٹے فیلڈ میں رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ مشینری اور عملے کی بھرپور فراہمی لاہور سمیت دیگر شہروں سے سینکڑوں واٹر پمپس گجرات پہنچا دیئے گئے ہیں، 7 واٹر باؤزرز، 4 ایکسویٹرز، 1 ایندھن ٹرک اور 2 بڑے جنریٹرز متاثرہ علاقوں میں پہنچا دیئے گئے ہیں، نکاسی آب کے 26 پمپس اور صاف پانی کی فراہمی کیلئے 24 اضافی پمپس بھی نصب کر دیئے گئے ہیں، 83 ٹیکنیکل سٹاف کو ہنگامی بنیادوں پر تعینات کر دیا گیا ہے، طویل مدتی منصوبہ: 21 ارب کا نکاسی آب پراجیکٹ فعال وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پہلے سے منظور شدہ 21 ارب روپے کے سیوریج اور نکاسی آب منصوبے پر فوری عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے، منصوبے کے تحت انجینئرنگ کے جدید خطوط پر سیلابی نالوں اور نکاسی کے نظام کی ازسرنو تعمیر ہو گی، گجرات میں قائم واسا کے نئے ادارے کو ایک ہفتے کے اندر بھاری مشینری فراہم کر دی جائے گی۔ سیلابی پانی کی صورتحال اور اقدامات لورین کے مقام سے شہر میں داخل ہونے والے سیلابی پانی کا بہاؤ روکنے کیلئے نالہ کھود کر 20 فیصد پانی کا رخ موڑا گیا ہے جبکہ 80 فیصد پانی اب بھی شہر کی طرف آ رہا ہے، 5 اضافی پمپس نصب کئے جا رہے ہیں تاکہ مزید پانی کا رخ بدلا جا سکے۔ اس کے علاوہ ہلسی نالے کی طرف جانے والی نالی کی گنجائش بڑھانے کیلئے مشینری سے کام جاری ہے، شدید بارشوں کی وجہ سے زمین پر پانی کا بہاؤ "شیٹ فلو" کی شکل اختیار کر چکا ہے جس سے متعدد علاقے متاثر ہوئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ گجرات کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لا کر صورتِ حال کو بہتر بنائے گی، گجرات کے شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کریں اور تعاون جاری رکھیں۔