یوم دفاع اور عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات

09-06-2025

(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں یوم دفاع اور عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ تمام تقریبات، ریلیوں اور جلوسوں کا پرامن انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔

آئی جی پنجاب کے مطابق صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور شرپسند و ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، تمام افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بین المسالک یکجہتی کے فروغ کو ترجیح دیں۔ پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق صوبے بھر میں عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں 1,398 میلاد کی محافل اور 2,498 جلوس منعقد ہو رہے ہیں جن کی سکیورٹی کیلئے 60 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ صرف لاہور میں 216 جلوس اور 112 سے زائد میلاد کی محافل کا انعقاد ہو رہا ہے، جن کی نگرانی اور سکیورٹی کیلئے 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار، ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور کمیونٹی رضاکار ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ محافل، ریلیوں اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے روایتی کے ساتھ ساتھ جدید پولیسنگ کے تمام وسائل استعمال کئے جا رہے ہیں، حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے تمام تقریبات کی لائیو مانیٹرنگ جاری ہے۔ انہوں  نے ہدایت کی کہ امن کمیٹیوں، علمائے کرام اور کمیونٹی لیڈرز کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سکیورٹی اقدامات کی ذاتی نگرانی کریں جبکہ پولیس کنٹرول رومز کے ذریعے سکیورٹی انتظامات کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔ آئی جی پنجاب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ صوبے بھر میں عید میلاد النبی ﷺ اور یوم دفاع کی تقریبات پُرامن انداز میں منعقد کی جا سکیں۔