شاد باغ پولیس کا کریک ڈاؤن: غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے تین ملزمان گرفتار
09-06-2025
(لاہور نیوز) شاد باغ پولیس نے آتش بازی اور غیر قانونی اسلحہ کی نمائش کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا آتش بازی کا سامان، جدید آلات اور سٹینڈ برآمد کئے گئے ہیں، کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی جس کے دوران پولیس نے موقع پر چھاپہ مار کر ملزمان کو آتش بازی کا سامان استعمال کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان عید میلاد النبیؐ کے موقع پر آتش بازی اور اسلحے کی نمائش کر رہے تھے جو کہ ضابطہ قانون کی خلاف ورزی ہے، پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس پی سٹی بلال احمد نے شاد باغ پولیس ٹیم کو کامیاب کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عید میلاد النبیؐ کی خوشیوں کو محفوظ بنانے کیلئے آتش بازی اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہے، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔