وزیراعلیٰ پنجاب کا چوہنگ میں فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ، متاثرین سے اظہار ہمدردی
09-05-2025
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے علاقے چوہنگ میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا جہاں وہ متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کے دوران ان کے دکھ درد میں شریک ہوئیں اور متاثرین کو دلاسہ دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کیمپ میں مقیم خواتین اور بچوں کو تحائف بھی پیش کئے جن میں سے ایک کمسن بچی نے خوشی کے اظہار میں انہیں گلے لگا لیا جو اس محبت بھری ملاقات کا منظر تھا۔ وزیراعلیٰ نے عارضی کلاس روم کا بھی دورہ کیا جہاں بچوں سے ظہرانہ شفقت کے دوران مختلف سوالات کئے اور خوش دلی سے ان کے ساتھ گفتگو کی، ایک کمسن طالب علم نے مریم نواز سے کہا، "میں آپ کو پہلی بار دیکھ رہا ہوں"، جس پر وزیراعلیٰ نے مسکرا کر ان کی بات سنی۔ مریم نواز نے خصوصی ہدایت کی کہ آشوب چشم (آنکھوں کے مرض) میں مبتلا بچے کا فوری علاج شروع کیا جائے اور فلڈ ریلیف کیمپ میں مقیم تمام بچوں کی ہیلتھ سکریننگ بھی کروائی جائے تاکہ ان کی صحت کا مکمل خیال رکھا جا سکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے جامع اقدامات کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پانی کی صورتحال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے، انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ نہ صرف ان کے گھروں کی تعمیر میں مدد کی جائے گی بلکہ ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔