سیلاب متاثرہ کسانوں کے نقصانات کے ازالے کی کوشش کرینگے: وزیر تعلیم
09-05-2025
(لاہور نیوز) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرہ کسانوں، زمینداروں کے نقصان کا تخمینہ لگا رہے، ازالے کی کوشش کریں گے۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے متاثرہ کسانوں، زمینداروں اور عام شہریوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور فوری ریلیف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں اور زمینداروں کے نقصان کا باقاعدہ تخمینہ لگا رہی ہے تاکہ ان کے مالی ازالے کیلئے موثر اقدامات کئے جا سکیں، متاثرہ علاقوں کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ہر کیمپ میں جا کر متاثرین سے ملاقات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے متاثرین کی خیریت دریافت کرنے کیلئے مجھے خود بھیجا ہے، تاکہ متاثرین تک حکومت کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا پیغام پہنچایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی فلور پر بھی کسانوں اور زمینداروں کے مسائل کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جائے گا اور جتنا ممکن ہو سکا ریلیف دلوایا جائے گا، پریشان نہ ہوں، حکومت آپ کے ساتھ ہے، ہم مل کر اس کٹھن وقت کا سامنا کریں گے اور بہتری کی طرف بڑھیں گے۔