سرکاری افسران و ملازمین کی سیاسی و مذہبی جماعتوں سے وابستگی پر کارروائی کا فیصلہ

09-04-2025

(لاہور نیوز) محکمہ ہائر ایجوکیشن نے سرکاری افسران و ملازمین کی سیاسی و مذہبی جماعتوں سے وابستگی پر سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔

ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مختلف سرکاری کالجز اور جامعات کے اساتذہ سیاسی و مذہبی جماعتوں میں سرگرم ہیں اور بعض اہم تنظیمی عہدے بھی رکھتے ہیں۔ محکمہ کے مطابق سرکاری ملازم کسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت کا رکن یا عہدیدار نہیں بن سکتا، اس حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم کو بھی شکایات موصول ہو چکی ہیں۔ شکایات میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ اساتذہ نے سیاسی و مذہبی جماعتوں میں اہم ذمہ داریاں سنبھال رکھی ہیں، جو کہ سرکاری ملازمت کے قواعد و ضوابط کے منافی ہے۔