صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

09-04-2025

(لاہور نیوز) صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی۔

صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم نشیبی علاقوں میں معمولی پانی جمع ہونے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق سب سے زیادہ بارش سیالکوٹ میں ریکارڈ کی گئی، جہاں 59 ملی میٹر بارش ہوئی، نارووال میں 47، شیخوپورہ میں 35، گجرات میں 13، گوجرانوالہ میں 12، حافظ آباد میں 10، لاہور میں 4، مری میں 2 جبکہ جہلم، اوکاڑہ اور راولپنڈی میں 1 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مزید مون سون بارشوں کی توقع ہے، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد الرٹ رہیں۔