گورنر پنجاب کا ننکانہ صاحب کے سیلابی علاقوں کا دورہ، متاثرین میں راشن تقسیم

09-04-2025

(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ننکانہ صاحب سمیت پنجاب کے مختلف سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین میں راشن و کھانے پینے کی اشیا تقسیم کیں۔

دورے کے دوران گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان  نے جہلم، چکوال، حافظ آباد، راوی اور ننکانہ صاحب سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں جاری سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا، جہاں ہزاروں ایکڑ زرعی زمین پانی میں ڈوب چکی ہے، سیلاب کی تباہ کاریوں سے عوام کی قیمتی جانیں اور مال مویشی بھی متاثر ہوئے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو پنجاب کی سیلابی صورتحال سے آگاہ کیا ہے، صدر مملکت نے ہدایت کی ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما سیلاب متاثرین کے علاقوں کے دورے جاری رکھیں اور ہر ممکن امداد فراہم کریں، آج کل میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ سردار سلیم حیدر خان  نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کے چھ ماہ کے بجلی کے بل معاف کئے جائیں اور زرعی زمینوں کے ٹیکس بھی معاف کروائے جائیں تاکہ کسانوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونا ہو گا اور جو بھی سیاسی بیان بازی کرے گا وہ سیلاب زدگان کا دشمن ہو گا، جب تک سیلاب متاثرین اپنے گھروں کو واپس نہ پہنچ جائیں، ہم سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے تمام ادارے، مشینری اور پاک فوج کے دستے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں تاکہ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔