حکومت پنجاب عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منائے گی
09-03-2025
(لاہور نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب نے عید میلاد النبی ﷺ کے اہتمام بارے ہدایات جاری کر دیں۔
حکومت پنجاب عید میلاد النبی ﷺ کو مذہبی عقیدت و احترام، شایانِ شان انداز میں منائے گی، صوبہ بھر میں عیدِ میلاد کے بڑے جلوسوں کے راستوں پر سبیلیں لگائی جائیں گی، بڑی اور ممتاز عمارتوں، بینکوں اور دفاتر کو سبز برقی قمقموں سے روشن کیا جائے گا۔ جمعتہ المبارک 11 ربیع الاول کو سرکاری و نجی سکولوں میں میلاد کی محافل منعقد ہوں گی، عیدِ میلاد پر سیلاب متاثرین کے ریلیف کیمپوں میں مٹھائیاں تقسیم کی جائیں گی۔ جیلوں میں اسیران میں بھی ولادت باسعادت کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی جائے گی، عیدِ میلاد پر 6 ستمبر کے حوالے سے شہداء کیلئے خصوصی دعائیہ تقاریب کا بھی اہتمام ہو گا۔ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر امن، رواداری اور آپسی اتحاد کے جذبے کو فروغ دیا جا ئیگا، اس حوالے سے پنجاب بھر میں ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو ہدایات پر عملدرآمد کے حوالے سے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔