پیپلز پارٹی مشکل کی گھڑی میں سیلاب زدگان کو تنہا نہیں چھوڑے گی: گورنر پنجاب
09-02-2025
(لاہور نیوز) گورنر پنجاب گورنر سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سے غریب سیلاب متاثرین کے بجلی کے بلوں کو معاف کرنے کی بات کروں گا۔
پنجاب کے شہر چنیوٹ میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ آج کل میں وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات متوقع ہے، جہاں سیلاب متاثرین کے کیمپ ہیں وہاں روزانہ کھانا مہیا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب نے چنیوٹ میں بہت تباہی مچائی ،حکومت کے ساتھ مخیّر حضرات کو بھی آگے آکر سیلاب متاثرین کی مدد کرنی ہو گی۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے اور کسی صورت مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب زدگان کو تنہا نہیں چھوڑے گی، اپنے طور پر روزانہ کی بنیاد پر سیلاب زدہ علاقوں میں جا رہا ہوں اور مدد کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ سردار سلیم حیدر نے کہا کہ غریب لوگوں کی بیٹیوں کے جہیز سیلابی ریلے میں بہہ گئے، میں خود دیہاتی ہوں سیلاب متاثرین دیہاتیوں کو تنہا نہیں چھوڑوں گا،اگر ڈیم بنے ہوتے تو پانی زحمت نہیں بلکہ رحمت ہوتا، ہنگامی بنیادوں پر ڈیمز بنانے کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چئیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے بات کر کے سیلاب زدگان کیلئے سندھ کی طرز پر مکانات بنائے جائیں گے۔