سٹیج، ٹی وی اور فلم کے نامور اداکار انور علی کی نماز جنازہ ادا
09-02-2025
(لاہور نیوز) سٹیج، ٹی وی اور فلم کے نامور اداکار انور علی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
سینیئر اداکار جواد وسیم نے مرحوم کی نماز جنازہ پڑھائی، نماز جنازہ میں تھیٹر، ٹی وی اور فلم کی نامور شخصیات کی شرکت ہوئی۔ سینیئر اداکار سہیل احمد، کامیڈین نواز انجم، سینیئر اداکار راشد محمود اور کامیڈین افتخار نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ واضح رہے کہ اداکار انور علی پھیپھڑوں اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے، جو طویل علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے، ان کی عمر 65 برس تھی۔ اداکار انور علی کی طبیعت شدید ناساز ہونے کے باعث چند روز قبل انہیں لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، انہیں فالج اور دل کے مسائل بھی لاحق تھے، جن کے باعث وہ گزشتہ کچھ مہینوں سے علیل تھے۔ انور علی کے ابابیل، ہوم سویٹ ہوم اور اندھیرا اجالا سمیت درجنوں ٹی وی ڈراموں نے عوام میں خاصی مقبولیت حاصل کی، تاہم کافی عرصہ پہلے انہوں نے شوبز کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا تھا اور ان کا رجحان مکمل طور پر مذہب کی طرف ہو چکا تھا۔