کوالٹی انشورنس ٹیسٹ کے پیپر مارک کرنے والے اساتذہ معاوضے سے محروم
09-02-2025
(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں کوالٹی انشورنس ٹیسٹ کے پیپر مارک کرنے والے ہزاروں اساتذہ کو تاحال ان کی محنت کا معاوضہ نہ مل سکا۔
اساتذہ برادری میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے، فنانس کمیٹی اور اتھارٹی سے منظوری ملنے کے باوجود پیکٹا کی جانب سے متعلقہ فنڈز جاری نہیں کئے جا سکے۔ ذرائع کے مطابق فنڈز کی ادائیگی سے متعلق متعدد فائلیں تاحال پیکٹا آفس میں منظوری کے انتظار میں زیر التوا ہیں جس کے باعث اساتذہ کو اپنی جائز اجرت کیلئے طویل انتظار کرنا پڑ رہا ہے، پنجاب بھر سے تین ہزار سے زائد ٹرینرز نے اس بار کوالٹی انشورنس ٹیسٹ کے پرچے چیک کئے تھے، تاہم انہیں تاحال کوئی ادائیگی نہیں کی گئی۔ ادائیگی کی مقررہ شرح کے مطابق ایک پیپر چیک کرنے کا معاوضہ 20 روپے، جبکہ فی مارکنگ نمبر 50 پیسے رکھا گیا ہے، اساتذہ کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ معاوضہ پہلے ہی ناکافی ہے، تاہم اس کی بروقت ادائیگی نہ ہونا مزید مایوسی کا باعث ہے۔ متاثرہ اساتذہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر فنڈز فوری طور پر جاری نہ کئے گئے تو آئندہ وہ پیپر چیکنگ کے کسی بھی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے، تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے اساتذہ دن رات محنت کرتے ہیں، لیکن ان کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک حوصلہ شکن ہے۔