سیلابی علاقوں میں ریلیف میڈیکل کیمپ قائم، مفت ادویات کی فراہمی
09-02-2025
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر کی خصوصی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی بحالی اور فلاح کیلئے اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں۔
حکومت پنجاب کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر طبی امداد کی فراہمی کا عمل جاری ہے، کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی محمد علی کی زیر نگرانی صوبے بھر کے سیلاب زدہ علاقوں میں اب تک 24 فلڈ ریلیف میڈیکل کیمپس قائم کئے جا چکے ہیں۔ ان کیمپس میں متاثرہ عوام کو مفت طبی سہولیات، فوری طبی معائنہ اور مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں، ماہر ڈاکٹرز ان کیمپس میں موجود ہیں جو متاثرین کا معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے اہم طبی رہنمائی بھی فراہم کر رہے ہیں۔ کیمپس میں بچوں، بزرگوں اور خواتین کیلئے خصوصی طور پر علیحدہ اور مناسب سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ ہر عمر اور جنس کے مریض کو فوری اور مؤثر علاج میسر آ سکے، ان ریلیف کیمپس میں سوشل سکیورٹی کی تربیت یافتہ ٹیمیں بیماریوں کے ممکنہ پھیلاؤ سے بچاؤ کیلئے شعور بیدار کر رہی ہیں، کیمپوں میں متاثرین کو صفائی، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی حفاظتی اقدامات کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ ہر فلڈ ریلیف میڈیکل کیمپ میں مریضوں کی سہولت، ادویات کی دستیابی اور تربیت یافتہ طبی عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، حکومت پنجاب عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ریلیف سرگرمیوں کی خود نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کوئی بھی متاثرہ فرد مدد سے محروم نہ رہے۔