ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اجلاس، سیلابی صورتحال پر اقدامات کا جائزہ
08-29-2025
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب بھر میں جاری سیلابی صورتحال کے دوران فیلڈ افسران کی کارکردگی اور امدادی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ریلیف اور ریسٹوریشن سرگرمیوں میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے کردار پر بریفنگ دی گئی، صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ سی اینڈ ڈبلیو کا عملہ امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے، جن میں سینڈ بیگز کی فراہمی، مشینری کی فراہمی، نائٹ لائٹس کی تنصیب اور ریلیف کیمپس کا قیام شامل ہے۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ محکمہ سڑکوں اور شاہراہوں کے کناروں اور سٹرکچر کو مضبوط بنانے میں مصروف عمل ہے تاکہ ممکنہ مزید نقصانات سے بچا جا سکے، سیلاب سے صوبے بھر میں سڑکوں کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے، جبکہ پلوں (بریجز) کو لاحق خطرات اور نقصانات پر بھی ایک الگ رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور متاثرہ علاقوں میں ریسپانس تیز تر کیا گیا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔