وزیراعلیٰ مریم نوازکا دریائے راوی کا دورہ، سیلابی صورتحال کا جائزہ

08-28-2025

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا دریائے راوی کا دورہ،سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کشتی میں سوار ہوکر شاہدرہ کے مقام کا جائزہ لیا۔ سینئروزیر مریم اورنگزیب، وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری بھی ہمراہ تھیں،، اس موقع پر موجود حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے 3 دریاؤں میں پانی کا شدید دباؤ ہے، اس دوران انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے بھرپور کام کیا ہے، بروقت اقدامات نہ ہوتے تو سیلاب سے تباہی زیادہ ہوتی۔  مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے کسی نہ کسی حصے میں مسلسل موسلادھار بارشیں ہوئیں، اس کے باوجود اللہ تعالیٰ نے بہت بڑے نقصان سے بچا لیا ہے، پنجاب کی انتظامیہ نے  50ہزار سے زائد افراد کومحفوظ مقام پر پہنچایا، گجرات، نارووال اور سیالکوٹ میں بری صورتحال تھی۔ واضح رہے کہ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جہاں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جسڑ کے مقام پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 28 ہزار کیوسک پر برقرار ہے جبکہ بلوکی پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی سطح میں اضافہ جاری ہے۔