کمشنر لاہور آصف بلال لودھی کی سیلاب زدہ علاقوں سے انخلا یقینی بنانے کی ہدایت
08-28-2025
(لاہور نیوز) دریائے راوی میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، انتظامیہ مکمل طور پر متحرک ہو چکی ہے اور امدادی و انخلا کی سرگرمیاں جاری ہیں۔
کمشنر لاہور آصف بلال لودھی نے ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور تھیم پارک سے شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر لاہور نے اسسٹنٹ کمشنرز کو واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا سیلاب زدہ علاقوں سے ہر گھر پر دستک دے کر سو فیصد انخلا یقینی بنایا جائے۔، انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انتظامیہ کے مطابق نشیبی علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں، سول ڈیفنس، محکمہ آبپاشی اور دیگر ادارے فیلڈ میں الرٹ ہیں، جبکہ متاثرہ افراد کیلئے ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔