سانحہ نو مئی: سزا یافتہ سابق ارکان اسمبلی کی لاہور ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیلیں دائر
08-27-2025
(لاہور نیوز) سانحہ نو مئی میں سزا یافتہ سابق اراکین اسمبلی کی نااہلی کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کر دی گئیں، رجسٹرار آفس نے اپیلوں کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض عائد کرتے انہیں کل 28 اگست کو بطور اعتراض کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔
پی ٹی آئی رہنما سابق ایم پی اے احمد خان بچھر اور سابق ایم این اے محمد احمد چٹھہ کی جانب سے یہ اپیلیں دائر کی گئی ہیں تاہم لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے انٹرا کورٹ اپیلوں پر اعتراض عائد کر دیا ہے۔ رجسٹرار آفس کے اعتراض کے مطابق سزا یافتہ سابق اراکین اسمبلی نے سرنڈر نہیں کیا، اس لیے وہ براہِ راست ہائیکورٹ سے رجوع نہیں کر سکتے، رجسٹرار آفس نے اپیلوں کو بطور اعتراض کیس 28 اگست کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے۔ جسٹس علی ضیاء باجوہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ اعتراض کیس کی سماعت کرے گا۔ بینچ یہ فیصلہ کرے گا کہ رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھا جائے یا ختم، اگر اعتراض ختم ہوا تو اپیلیں باقاعدہ سماعت کیلئے مقرر کر دی جائیں گی، یاد رہے کہ جسٹس خالد اسحاق نے اس سے قبل احمد خان بچھر اور محمد احمد خان چٹھہ کی نااہلی کے خلاف درخواستیں خارج کر دی تھیں۔