راشن کارڈ سکیم صرف اعلانات تک محدود، ورکرز سبسڈی سے محروم

08-27-2025

(لاہور نیوز) محکمہ لیبر کی راشن کارڈ سکیم عملی اقدامات کے بجائے صرف اعلانات تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔

صوبے کے لاکھوں رجسٹرڈ ورکرز تاحال نہ راشن کارڈ وصول کر سکے ہیں اور نہ ہی اعلان کردہ ماہانہ سبسڈی کا کوئی فائدہ حاصل کر پائے ہیں، محکمہ لیبر  نے صوبے بھر کے رجسٹرڈ ورکرز کو ماہانہ 3 ہزار روپے راشن سبسڈی دینے کا اعلان کیا تھا، تاہم زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ ذرائع کے مطابق اب تک ورکرز کو نہ کارڈ جاری کئے جا سکے ہیں اور نہ ہی سبسڈی کی ترسیل کا کوئی مؤثر نظام قائم ہو سکا ہے۔ اس وقت صوبے میں تقریباً 12 لاکھ رجسٹرڈ ورکرز موجود ہیں، جنہیں اس سکیم کے تحت فائدہ پہنچنا تھا مگر سکیم کے آغاز کے کئی ماہ گزرنے کے باوجود عملدرآمد نہ ہو سکا، جس پر ورکرز برادری میں شدید مایوسی پائی جا رہی ہے۔ متاثرہ ورکرز  نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر راشن کارڈز کی تقسیم مکمل کرے اور سبسڈی کی ادائیگی کا آغاز کیا جائے تاکہ مہنگائی کے اس دور میں غریب طبقے کو کچھ ریلیف مل سکے۔