ملک بھر میں 26 جون سے اب تک سیلاب سے 802 افراد جاں بحق
08-27-2025
(لاہور نیوز) این ڈی ایم اے نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 26 جون سے اب تک ملک بھر میں 802 افراد جاں بحق اور 1088 زخمی ہو چکے ہیں، سب سے زیادہ جانی نقصان خیبرپختونخوا میں ہوا، جہاں 479 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 347 افراد زخمی ہوئے، پنجاب میں 165 افراد جاں بحق اور 584 زخمی ہوئے، سندھ میں 57 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 75 زخمی رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 24 اموات اور 5 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی ہے، گلگت بلتستان میں 45 افراد جاں بحق اور اتنے ہی زخمی ہوئے، آزاد کشمیر میں 24 افراد جاں بحق اور 29 زخمی ہوئے، جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی 8 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے ہیں۔ این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق اب تک ملک بھر میں 7 ہزار 465 مکانات کو نقصان پہنچ چکا ہے، جبکہ سیلابی ریلوں میں 5 ہزار 584 مویشی بہہ گئے ہیں، ادارے نے متعلقہ صوبائی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری ہیں، تاہم خراب موسم کے باعث امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا بھی سامنے آ رہا ہے۔