جنرل ہسپتال کو لیتھو ٹرپٹر مشین کی منظوری، بغیر آپریشن پتھری کا علاج ممکن
08-27-2025
(لاہور نیوز) حکومتِ پنجاب نے لاہور جنرل ہسپتال (ایل جی ایچ) کیلئے جدید لیتھو ٹرپٹر مشین کی منظوری دے دی ہے۔
اب مریضوں کو گردوں کی پتھری کے علاج کیلئے سرجری کے بجائے جدید اور غیر جراحی طریقہ علاج کی سہولت دستیاب ہو گی۔ پرنسپل جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کے مطابق اس اہم پیش رفت سے ہسپتال پر سرجری کے بڑھتے ہوئے بوجھ میں خاطر خواہ کمی آئے گی اور یورولوجی سروسز میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے میں سیکرٹری ہیلتھ، پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل اور ایم ایس جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے کلیدی کردار ادا کیا، پروفیسر فریاد حسین نے بتایا کہ بورڈ آف مینجمنٹ کے بھرپور تعاون سے جنرل ہسپتال نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ لیتھو ٹرپٹر مشین کی تنصیب سے ان مریضوں کو بھی فائدہ پہنچے گا جو سرجری کے خطرات سے بچنا چاہتے ہیں یا جن کی حالت آپریشن کی اجازت نہیں دیتی، جدید میڈیکل ٹیکنالوجی کی یہ سہولت جلد عوام کیلئے دستیاب ہو گی۔