پنجاب میں شدید بارشوں سے متعلق الرٹ جاری: سیلاب کا خطرہ، 24 گھنٹے اہم
08-26-2025
(لاہور نیوز) این ڈی ایم اے کی جانب سے پنجاب میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا، اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔
این ڈی ایم اے (نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) کے الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، جہلم، چکوال، منڈی بہاالدین، حافظ آباد، ننکانہ صاحب، چنیاں اور پاکپتن میں میں شدید بارشوں کا امکان ہے، اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ان علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق شدید بارش سے شہری آبادیوں کے علاقوں نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ ہے جبکہ ان علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ عوام دریاؤں، نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، عوام ٹی وی، ریڈیو، موبائل الرٹس جبکہ پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کے ذریعے جاری کردہ الرٹ اور ہدایات پر عمل کریں۔