برائلر گوشت کے دام عدم استحکام کا شکار، قیمت 595 روپے فی کلو برقرار
08-26-2025
(لاہور نیوز) شہر میں برائلر گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں بدستور عدم استحکام برقرار ہے جبکہ سبزیاں اور پھل بھی عام آدمی کی قوتِ خرید سے باہر ہو چکے ہیں۔
مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت 595 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مختلف علاقوں میں برائلر گوشت 720 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، صافی گوشت کی قیمت 850 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے، زندہ برائلر کا ہول سیل ریٹ 397 روپے اور پرچون ریٹ 411 روپے مقرر کیا گیا ہے، مگر مارکیٹ میں ان سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی عام ہے۔ فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی 2 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد فی درجن قیمت 298 روپے ہو گئی ہے، انڈوں کی ایک پیٹی 8 ہزار 820 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے، مارکیٹ ذرائع کے مطابق انڈوں کی سپلائی مسلسل متاثر ہے، جب کہ کھپت میں اضافہ قیمتوں کے مزید بڑھنے کا باعث بن رہا ہے۔ دوسری جانب سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے، ادرک 600، لہسن 400، لیموں 200، ٹماٹر 150 اور پیاز 100 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں، دیگر سبزیوں میں ٹینڈے 260، بھنڈی 250، کریلے 200، پھول گوبھی 180 اور آلو 120 روپے کلو کے حساب سے دستیاب ہیں۔ پھلوں میں پپیتا 650، انگور اور سیب 420، خوبانی اور آڑو 400 جبکہ ناشپاتی 350 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔