منہالہ روڈ پر چھپہ گاؤں میں گھر کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق
08-26-2025
(لاہور نیوز) منہالہ روڈ پر واقع چھپہ گاؤں میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، ایک کچے مکان کی چھت گرنے سے دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق چھت اچانک منہدم ہونے سے 25 سالہ رانی بی بی اور 18 سالہ آفتاب احمد ملبے تلے دب کر موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ 35 سالہ شرجیل شدید زخمی ہو گیا، ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمی کو ملبے سے نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مکان کی حالت خستہ تھی اور حالیہ بارشوں کے باعث دیواریں کمزور ہو چکی تھیں، جس کے باعث چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا، مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کو بارہا علاقے میں کمزور مکانات کی نشاندہی کی گئی تھی مگر کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ ریسکیو اور مقامی انتظامیہ نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ملبہ ہٹانے کا کام بھی جاری ہے، جاں بحق افراد کی لاشیں قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔