سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن کا مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو ہلاک
08-26-2025
(لاہور نیوز) سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن کے مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق ماڈل ٹاؤن کے علاقے مسلم ٹاؤن میں پولیس اور مشتبہ ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا، ہلاک ہونے والا ملزم قتل، ڈکیتی اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب مسلم ٹاؤن میں پولیس نے ایک مشکوک موٹرسائیکل کو ناکے پر رکنے کا اشارہ کیا، موٹرسائیکل پر سوار دو ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی میں پولیس نے مورچہ سنبھالا، تاہم اسی دوران ڈاکو بلال اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس نے فوری طور پر زخمی ڈاکو کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق بلال قتل، ڈکیتی اور دیگر جرائم میں ملوث تھا اور مختلف تھانوں کو مطلوب تھا۔ پولیس نے فرار ہونے والے دوسرے ڈاکو کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس کی تمام پہلوؤں سے جانچ کی جا سکے۔