نئے سیلاب کا خطرہ: جانی نقصان سے بچاؤ کیلئے تمام تر میسر وسائل مہیا کئے جائیں، وزیر اعلی پنجاب

08-25-2025

(لاہور نیوز) نئے سیلاب کے خطرہ کے پیش نظر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہر انسان حیوان کو محفوظ علاقوں میں پہنچانے کے عمل کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز  نے ایک بار پھر بھارت سے سیلابی ریلے کی آمد کے پیش نظر آبادی کا بروقت انخلا یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دیں، مریم نواز اس سے پہلے بھی دریائے ستلج کے کناروں پر اور ملحقہ نشیبی علاقوں سے تمام آبادیوں کو خالی کروا کر انسانوں حیوانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کروا چکی ہیں۔ مریم  نواز نے متعلقہ سرکاری اداروں کو  سختی سے ہدایت کی ہے کہ جانی نقصان سے بچاؤ کے لئے تمام تر میسر وسائل مہیا کئے جائیں،  دریاؤں ندی نالوں کے ارگرد آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں کوئی تاخیر یا کوتاہی نہ برتی جائے جبکہ دیہاتی علاقوں سے مال مویشیوں کی بروقت منتقلی کے بھی اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے ستلج اور دیگر دریاؤں میں پانی کی بڑھتی صورتحال اور طغیانی کی صورتحال کی چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی جبکہ قصور، پاکپتن، تونسہ اور دیگر علاقوں میں انتظامیہ اور ریسکیو کو ہمہ وقت مستعد رہنے کا حکم بھی دیا ہے۔