لاہور میں بارش کے باعث بجلی کا نظام متاثر، کئی علاقے بجلی سے محروم
08-25-2025
(لاہور نیوز) شہر میں جاری بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام شدید متاثر ہوا ہے۔
لیسکو حکام کے مطابق بارش کی وجہ سے 60 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں، جس کے باعث شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ قلعہ گجر سنگھ، مغلپورہ، مصطفی آباد، شالیمار، باغبانپورہ، راوی روڈ، شاہدرہ، گلشن راوی، سمن آباد، والٹن روڈ، چوبرجی پارک، گارڈن ٹاؤن اور انگوری باغ کے مختلف علاقوں میں بجلی بند ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ بارش کے دوران گنجان آباد علاقوں میں ٹرانسفارمر جلنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں بجلی کئی گھنٹوں تک بحال نہیں ہو سکی۔ لیسکو حکام نے کہا ہے کہ وہ فیڈرز کی مرمت اور ٹرانسفارمرز کی تبدیلی کے لئے مکمل کوششیں کر رہے ہیں تاکہ جلد از جلد بجلی کی بحالی یقینی بنائی جا سکے۔