پی ٹی آئی نے پارلیمان میں رہنا ہے تو ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کا فائدہ نہیں: شیر افضل مروت

08-24-2025

(لاہور نیوز) ایم این اے شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے پارلیمان میں رہنا ہے تو ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کا فائدہ نہیں ہو گا۔

دنیا نیوزکےپروگرام’’ٹونائٹ ود ثمر عباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی اپیل شاید نہیں لگے گی، پی ٹی آئی کی حکمت عملی ناکامی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفاہمت سے رہائی ہوئی تو وہ ڈیل ہو گی، ایسا ہوتا ہے تو پی ٹی آئی کی مقبولیت کو نقصان ہو گا، مجھے یہ بیل منڈھے چڑھتے نہیں نظر آرہی، اگر پارلیمان میں رہنا ہے تو ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کا فائدہ نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں لگتا کہ عمران خان ہمدردی کی بنیاد پر رہا ہوں گے، سوال یہ ہےکہ پی ٹی آئی کو مفاہمت سے کیا ملےگا، علیمہ خان کے بیٹوں سے متعلق میں  نے ایک رائے دی تھی، پارٹی سے تین دفعہ نکالا جا چکا ہوں۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ سوشل میڈیا پر میرے خلاف گالم گلوچ کیا جا رہا ہے، مجھے آج بھی تحریک انصاف سے ہمدردی ہے، اللہ تعالیٰ ان کی مشکلات کم کرے، بانی کو مائنس کرنے سے متعلق علیمہ خان کے بیان سے پارٹی کو نقصان ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ حکومت مضبوط اور پی ٹی آئی محدود ہوئی، تحریک انصاف نے غلطیوں پر مبنی فیصلے کیے، موجودہ حالات سے تحریک انصاف کا ورکر بھی مایوس ہے۔ ایم این اے نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو فرق نہیں پڑتا میں پارٹی میں رہوں یا نہ رہوں، میں خود بانی کے ساتھ رہنا چاہتا ہوں، جب تک عمران خان سے ملاقات نہیں ہوتی تب تک واپس نہیں جاؤں گا، تحریک انصاف کو چھوڑنے سے متعلق ابھی کوئی حتمی بات نہیں کر سکتا۔