پنجاب کے نجی ہسپتالوں میں کیمرے نصب کرانے کا حکم
08-24-2025
(لاہور نیوز)پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے نجی ہسپتالوں میں کیمرے نصب کرانے کا حکم دے دیا۔
پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے صوبے کے نجی ہسپتالوں کو کیمرے نصب کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا گیا۔ جاری کردہ مراسلے کے مطابق اہم مقامات پر فعال کلوزڈ سرکٹ کیمرے نصب کیے جائیں۔ ایمرجنسی، آئی سی یو، نرسری اور ویٹنگ ایریاز میں کیمرے نصب ہوں گے۔ جبکہ داخلی راستوں اور راہداریوں پر بھی کیمروں کی تنصیب کی جائے۔ مراسلے میں کہا گیا کہ مریضوں کی شکایات کے مؤثر حل کے لیے کیمرے نصب کیے جائیں اور ریکارڈنگ کی تاریخ سے کم از کم اگلے 40 دن کے لیے فوٹیج کو محفوظ رکھا جائے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج صرف قانونی وجوہات پر حوالے کی جائے گی۔ اور کیمرے نصب کرتے ہوئے مریضوں کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے۔