ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا فوڈ پوائزننگ واقعہ کا نوٹس، ریسٹورنٹ سیل

08-24-2025

(ویب ڈیسک) پی آئی اے روڈ پر فوڈ پوائزننگ کا واقعہ، فوڈ پوائنٹ مالک کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واقعہ کا فوری نوٹس لیا۔ جس کے بعد فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ابتدائی تفتیش کر کے رپورٹ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کو پیش کر دی۔ فوڈ پوائنٹ مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، ساتھ ہی فوڈ پوائنٹ بھی بند کردیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق 3بچوں نے لوڈڈ فرائز کھائے جس سے بچوں کی طبیعت خراب ہو گئی، والدین کی جانب سے 2بچوں کا مکمل علاج معالجہ نہ کروانے پر وفات ہوئی، ایک بچہ صحت یاب ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہسپتال انتظامیہ کے بے حد اصرار پر بھی 2 بچوں کو داخل نہ کروایا گیا، تشویشناک حالت میں بچوں کو 2 دن بعد ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ خوراک کے معیار پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا، اس حوالے سے زیرو ٹالرنس ہے۔