ملک بھر میں بجلی کا یکساں ماہانہ ٹیرف لاگو کرنے کی منظوری
08-23-2025
(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے ملک بھر میں بجلی کے نرخوں میں یکساں ماہانہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ نافذ کرنے کی منظوری دے دی۔
اس سے قبل کے-الیکٹرک کے صارفین کے لئے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کا الگ طریقہ کار رائج تھا، جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں مختلف نرخ لاگو کئے جاتے تھے، تاہم اب وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 19 اگست کو کئے گئے فیصلے کی باقاعدہ منظوری دیتے ہوئے اس پر عملدرآمد کی راہ ہموار کر دی ہے۔ نئے فیصلے کے مطابق ماہانہ ایڈجسٹمنٹ بھی بنیادی ٹیرف اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی طرز پر ملک بھر کے لئے یکساں ہوگی، اس کا مطلب یہ ہے کہ بجلی کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں کمی یا اضافہ دونوں صورتوں میں کراچی سمیت پورے ملک کے صارفین پر یکساں طور پر لاگو ہو گا۔