تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا آپریشن، 504 مقامات سے سامان ضبط

08-23-2025

(لاہور نیوز) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں جن کا مقصد شہر کو کشادہ، صاف اور منظم بنانا ہے۔

تازہ ترین کارروائیوں کے دوران 504 مختلف مقامات سے تجاوزات کا سامان ضبط کیا گیا، جبکہ شہر بھر سے 1400 سے زائد غیر قانونی بینرز اور فلیکسز بھی ہٹا دیئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ آپریشن وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد لاہور کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کرنا ہے، جب تک تمام غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، یہ مہم مسلسل جاری رہے گی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ شہریوں کو کشادہ سڑکیں، محفوظ گزرگاہیں اور بہتر ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، قانون کا اطلاق سب پر یکساں ہو گا، اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر سمجھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔