دریائے ستلج میں سیلاب، قصور کے 72 دیہات متاثر ہونے کا خدشہ
08-23-2025
(لاہور نیوز) دریائے ستلج میں ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی، جہاں پانی کی سطح 21.30 فٹ جبکہ بہاؤ 1 لاکھ 30 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سیلاب کے باعث 72 دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی زیرِ آب آ چکی ہے۔ سیلابی پانی کی زد میں آنے والے علاقوں میں نگرا ایمن پورہ، مبوکی، بستی ابراہیم، ماہی والا، فتی والا سمیت 30 سے زائد دیہات شامل ہیں، جہاں کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے، مواصلاتی نظام کی بندش سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈپٹی کمشنر قصور کے مطابق ضلعی انتظامیہ صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے، اور متاثرہ علاقوں سے انخلا کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں، مساجد کے ذریعے مسلسل اعلانات کئے جا رہے ہیں تاکہ لوگ فوری طور پر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، دریا کے پار جانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ کسی قسم کے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ ریسکیو ٹیمیں، ضلعی انتظامیہ اور مقامی رضا کار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، حکومت نے متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ ممکنہ مزید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔