ڈیجیٹل لائسنسنگ: آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت سے شہری مستفید

08-22-2025

(لاہور نیوز) پنجاب میں شہریوں کو ٹیکنالوجی کے ذریعے سہولت فراہم کرنے کی حکومتی کوششوں کے تحت آن لائن ڈرائیونگ لائسنسنگ کا نظام تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔

"نہ قطار، نہ انتظار" کے اصول پر عمل کرتے ہوئے عوام اب گھر بیٹھے اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر رہے ہیں، ترجمان کے مطابق رواں ماہ 2200 سے زائد شہریوں  نے آن لائن لائسنسنگ پورٹل کا استعمال کرتے ہوئے مختلف سروسز حاصل کیں۔ ان میں سے 1100 سے زائد افراد  نے گھر بیٹھے اپنا لرننگ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا، جو کہ سہولت اور وقت کی بچت کا بہترین نمونہ ہے۔ اسی طرح 15 سے زائد شہریوں  نے گمشدہ لائسنس کی دوبارہ اجرائی کیلئے بھی اسی آن لائن پورٹل کا سہارا لیا اور بغیر کسی دفتر کے چکر کے اپنی درخواستیں جمع کروائیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو بہتر اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے لئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جا رہا ہے، تاکہ عوامی خدمت میں وقت، محنت اور وسائل کی بچت ممکن ہو سکے۔