لاہور میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی، حبس کی شدت برقرار
08-22-2025
(لاہور نیوز) باغوں کے شہر لاہور میں آج بھی سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، حبس کی شدت نے شہریوں کو بے حال کر رکھا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوائیں پانچ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جو موسم میں معمولی سی ٹھنڈک ضرور لا رہی ہیں، تاہم حبس نے ماحول کو گھٹن زدہ بنا دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جو حبس اور پسینے میں اضافے کا باعث بن رہا ہے، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دھوپ میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور خود کو پانی کی کمی سے بچانے کے لئے ہائیڈریٹ رکھیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے دوران لاہور میں مزید بارشوں کی پیش گوئی بھی کی ہے، جس سے موسم میں کچھ بہتری آنے کی امید ہے، تاہم حبس اور گرمی کے موجودہ زور کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔