مہنگائی بے قابو: مرغی، سبزیاں اور پھل عوام کی قوتِ خرید سے باہر

08-22-2025

(لاہور نیوز) مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، سستی پروٹین کا ذریعہ سمجھی جانے والی مرغی بھی اب غریب آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکی ہے۔

سرکاری سطح پر مرغی کے گوشت کی قیمت 595 روپے فی کلو پر مستحکم ہے، مگر مارکیٹ میں یہ 640 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، صافی گوشت 720 روپے فی کلو تک پہنچ چکا ہے، زندہ برائلر کا ہول سیل ریٹ 440 روپے فی کلو جبکہ پرچون ریٹ 411 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، تاہم مارکیٹ میں ان ریٹس کی پابندی نہ ہونے کے برابر ہے۔ انڈوں کی قیمت بھی عوام کیلئے دردِ سر بن چکی ہے، سرکاری نرخ 295 روپے فی درجن مقرر ہے، مگر مارکیٹ میں انڈے 330 روپے درجن تک فروخت ہو رہے ہیں جس سے نچلے طبقے کیلئے بنیادی خوراک کا حصول بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ادھر شہر کی سبزی و پھل منڈیوں میں گرانفروشوں کا راج قائم ہے، روزمرہ استعمال کی سبزیاں عوام کی دسترس سے باہر نکلتی جا رہی ہیں، پیاز 100، ٹماٹر 140، لہسن 400، ادرک 600، سبز مرچ 150 اور لیموں 220 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں، ٹینڈے 260، آلو 100، کریلے 200، گوبھی 160، شلجم 150، بھنڈی 250 اور شملہ مرچ 240 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہیں۔ پھل بھی مہنگائی کی لپیٹ میں ہیں، کیلا 260 روپے درجن، پپیتا 650، آم 450، سیب 420، مسمی اور آڑو 400 جبکہ خوبانی 380 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔