لاہور سمیت پنجاب بھر کے کالجز اور یونیورسٹیز میں طالبات کے تحفظ کیلئے اہم اقدام

08-21-2025

(لاہور نیوز) لاہور بھر کے کالجز اور یونیورسٹیز میں تعلیم حاصل کرنے والی طالبات کے تحفظ کیلئے اہم اقدام اٹھایا گیا ہے۔

طالبات کی پرائیویسی اور تحفظ کے پیشِ نظر لاہور کے کالجز و یونیورسٹیز میں پنک بٹن کی تنصیب کا آغاز کر دیا گیا ہے، اس حوالے سے سیف سٹیز اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ لاہور کے 39 خواتین کالجز اور یونیورسٹیز میں پینک بٹن نصب کرنے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے 450 خواتین کالجز میں پنک بٹن کی تنصیب مرحلہ وار مکمل کی جائے گی، انہوں  نے کہا کہ ہنگامی صورتِ حال میں طالبات پنک بٹن دبا کر فوری پولیس کی مدد حاصل کر سکیں گی، پنک بٹن دبانے پر اطلاع سیف سٹیز کنٹرول روم کو فوری طور پر موصول ہو گی۔   ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق پنجاب کے 101 اور لاہور کے 122 مقامات پر پہلے ہی پنک بٹن کی سہولت موجود ہے۔