لاہور: بےہنگم ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ
08-21-2025
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں بے ہنگم ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
سیف سٹی حکام نے شہر میں بے ہنگم ٹریفک اور ٹریفک جام پر فوری رسپانس کےلئے ڈرون استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت شہر کی معروف اور مصروف شاہراہوں کی مانیٹرنگ کے لیے ڈرون کیمرے استعمال کئے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر ماہ ستمبر سے10ڈرون کیمروں سے ٹریفک جام رہنے کی مانیٹرنگ کی جائے گی، سیف سٹیز حکام کے مطابق ستمبر کے آخر میں ڈرون کیمروں سے مانیٹرنگ کا آغاز ہو جائے گا جبکہ ڈرون ٹیکنالوجی وارڈنز کے ایل ٹی ہینڈ سیٹس سے منسلک ہو گی۔ ڈرونز کی نشاندہی پر وارڈنز بروقت موقع پر پہنچ کر ٹریفک روانی یقینی بنائیں گے، ڈرون کیمروں سے مانیٹرنگ کے ذریعے ٹریفک مسائل بھی کم ہوں گے جبکہ ڈرون کیمروں کی تعداد بڑھا کر شہر بھر کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔