آؤٹ آف سکول چلڈرن کو سکولوں میں لانے کیلئے اقدامات شروع
08-21-2025
(لاہور نیوز) حکومت پنجاب نے صوبے میں آؤٹ آف سکول چلڈرن کو تعلیم کے دائرے میں لانے کیلئے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
محکمہ غیر رسمی تعلیم رواں مالی سال کے دوران 1600 نئے لٹریسی سینٹرز قائم کرے گا، جن کے ذریعے سالانہ 60 ہزار بچوں کو سکولوں میں داخل کیا جائے گا۔ سیکرٹری لٹریسی سید حیدر اقبال کے مطابق ان نئے لٹریسی مراکز میں داخل ہونے والے بچوں کو بنیادی تعلیم فراہم کی جائے گی اور پھر انہیں مڈل لیول کے بعد جنرل سکولوں میں داخل کروا دیا جائے گا تاکہ وہ باقاعدہ تعلیمی نظام کا حصہ بن سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ان لاکھوں بچوں کے لئے امید کی کرن ہے جو مختلف وجوہات کی بنا پر سکول سے باہر ہیں، حکومت تعلیم کے فروغ کے لئے سنجیدہ ہے اور ہر بچے کو تعلیم دینا اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔