کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر کارروائیاں، متعدد گرفتاریاں اور مقدمات درج
08-21-2025
(لاہور نیوز) لاہور پولیس کی جانب سے کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں ماہ کے دوران قانون کی خلاف ورزی پر 135 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 72 مقدمات درج کئے گئے، یہ کارروائیاں شہر میں سکیورٹی کو یقینی بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کی شناخت کیلئے عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ کرایہ داروں کے کوائف کا اندراج نہ کرنے پر سخت ایکشن لیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ یا مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے شخص کی موجودگی سے پہلے ہی آگاہی حاصل کی جا سکے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ سال 2025 کے آغاز سے اب تک لاہور میں مختلف کارروائیوں کے دوران 2,150 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور 1,221 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کرایہ داروں کے مکمل کوائف جمع کروانا ہر مکان مالک کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔