ضلعی انتظامیہ کا تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن، غیرقانونی سامان ضبط

08-21-2025

(لاہور نیوز) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔

ترجمان کے مطابق حالیہ مہم کے دوران مختلف علاقوں، سڑکوں، مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں کارروائیاں کی گئیں، جن کے نتیجے میں 443 غیر قانونی تجاوزات کا سامان ضبط کر لیا گیا جبکہ 1226 غیر قانونی بینرز بھی ہٹا دیئے گئے۔ ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے کئے جا رہے ہیں، شہر کی تمام سڑکوں اور بازاروں کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کرنے کیلئے مہم جاری رہے گی اور کسی کو بھی عوامی جگہوں پر غیر قانونی قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ  نے دکانداروں، ریڑھی بانوں اور تجارتی مراکز کے مالکان کو خبردار کیا ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر تجاوزات کا خاتمہ کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔