رواں ماہ ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد چالان
08-21-2025
(لاہور نیوز) ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی خصوصاً موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے ہیلمٹ نہ پہننے پر ٹریفک پولیس نے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں ماہ کے دوران صوبہ بھر میں ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد چالان کئے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق لاہور شہر میں اس خلاف ورزی پر سب سے زیادہ ایکشن لیا گیا، جہاں 85 ہزار سے زائد چالان کئے گئے، یہ کارروائیاں شہریوں کی جانوں کے تحفظ کیلئے کی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں جانی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔ ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں اس مہم کو مزید سخت کیا جائے گا، اور بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔