برائلر گوشت بدستور مہنگا، قیمت 595 روپے فی کلو پر برقرار
08-21-2025
(لاہور نیوز) مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا، روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
مرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی نہ آ سکی، پرچون نرخ 595 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں برائلر گوشت 640 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، صافی گوشت کی قیمت 720 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔ زندہ برائلر کی ہول سیل قیمت 397 روپے فی کلو اور پرچون قیمت 411 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن کہیں بھی ان سرکاری نرخوں پر گوشت دستیاب نہیں۔ اسی طرح انڈوں کی قیمت بھی مسلسل عوام کیلئے پریشان کن بنی ہوئی ہے، سرکاری نرخ نامے کے مطابق فی درجن انڈوں کی قیمت 295 روپے ہے، لیکن بازار میں یہی انڈے 330 روپے فی درجن میں فروخت ہو رہے ہیں، قیمتوں میں اس قدر فرق نے عوام کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، پیاز 110، ٹماٹر 140، لہسن 400 اور ادرک 600 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں، سبز مرچ 150، لیموں 220، ٹینڈے 260، آلو 120، کریلے 200، گوبھی 160، شلجم 150، بھنڈی اور شملہ مرچ 250 جبکہ اروی 140 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔ پھلوں کی بات کی جائے تو صورتحال مزید مایوس کن ہے، کیلا 260 روپے درجن، پپیتا 600، آم 450، سیب 420، مسمی اور آڑو 400، خوبانی 380 جبکہ ناشپاتی 320 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔