کمسن بچوں کا فحش مواد شیئر کرنے والا ملزم گرفتار
08-21-2025
(لاہور نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر کمسن بچوں کا فحش مواد شیئر کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت میاں مومن کے نام سے ہوئی ہے، ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم میاں مومن سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر قابل اعتراض اور غیر اخلاقی مواد پھیلا رہا تھا جس میں کم عمر بچوں کی فحش ویڈیوز اور تصاویر شامل تھیں۔ ادارے نے موصول ہونے والی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے خفیہ نگرانی کے بعد کامیاب کارروائی کی۔ ملزم کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کی دفعہ 22 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جو فحش مواد کی تیاری، تقسیم اور ترسیل سے متعلق ہے، ادارے کے مطابق ملزم کے زیر استعمال موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیجیٹل آلات کو قبضے میں لے کر فارنزک تجزیے کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق مزید تحقیقات جاری ہیں اور امکان ہے کہ اس کیس کے نتیجے میں بچوں سے متعلق آن لائن جرائم میں ملوث دیگر افراد تک بھی رسائی حاصل ہو سکے گی۔