مارے جانیوالے گینگز کیخلاف شواہد سیف سٹی نے سی سی ڈی کو دیئے، مزید 800 کی نشاندہی بھی کر دی

08-20-2025

(لاہور نیوز) مارے جانیوالے جرائم پیشہ گینگز کیخلاف شواہد سیف سٹی نے سی سی ڈی کو دیئے جبکہ چہرہ شناس ٹیکنالوجی کی مدد سے مزید 800 سے زائد جرائم پیشہ عناصر کی معلومات محکمہ کو فراہم کر دی گئیں۔

کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے ہاتھوں مبینہ پولیس مقابلوں میں مارے جانیوالے جرائم پیشہ گینگز اور ڈکیتوں کیخلاف شواہد سیف سٹی نے فراہم کیے، واضح رہے کہ مبینہ مقابلے تمام ان مقامات پر رپورٹ ہوئے جہاں سیف سٹی کے کیمرے موجود نہ تھے۔ 7 ہزار 700 سے زائد ڈیجیٹل شواہد سیف سٹی نے سی سی ڈی کو فراہم کیے، فراہم کردہ شواہد میں ڈکیتوں اور شوٹرز کی کارروائیوں کا ریکارڈ تھا، ڈیجیٹل شواہدکی تصدیق کے بعد شوٹرز اور ڈکیت گینگز کیخلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں،  ذرائع کے مطابق شہر میں متحرک ڈکیت گینگز کی نقل و حرکت کا مزید ریکارڈ مرتب کیا جانے لگا ہے۔ چہرہ شناس ٹیکنالوجی کی مدد سے مزید 800 سے زائد جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کر لی گئی ہے، دوران واردات فائرنگ و تشدد کرنیوالے ڈاکوؤں کیخلاف کارروائی سی سی ڈی کی اولین ترجیح ہو گی۔