ٹریفک کے مسائل حل کرنے کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی متعارف کروانے کا فیصلہ

08-20-2025

(لاہور نیوز) ٹریفک کے مسائل کو کم کرنے اور اہم شاہراہوں پر روانی کو برقرار رکھنے کیلئے حکومت نے جدید ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

اس مقصد کیلئے ابتدائی طور پر 12 ڈرونز خریدے جائیں گے جو شہر کی مختلف اہم شاہراہوں کی نگرانی کریں گے۔ مال روڈ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، کینال روڈ، چیئرنگ کراس اور دیگر مصروف شاہراہوں پر ڈرونز کے ذریعے ٹریفک کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کے مطابق انتظامی فیصلے کئے جائیں گے۔ ڈرونز کی مدد سے حاصل کردہ ویڈیو فوٹیج اعلیٰ افسران کو موصول ہو گی، جو براہ راست سرکل افسران کو ہدایات جاری کریں گے تاکہ ٹریفک کا بہاؤ بہتر بنایا جا سکے اور جام کی صورت حال کو جلد از جلد کنٹرول کیا جا سکے۔