کمرشل مارکیٹوں سے تجاوزات کو ہٹایا نہ جا سکا
08-20-2025
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے واضح احکامات کے باوجود کمرشل مارکیٹوں سے تجاوزات نہ ہٹائی جا سکیں۔
شہر کی کمرشل مارکیٹوں، خاص طور پر اُردو بازار، گنپت روڈ، لوہاری اور بھاٹی گیٹ کے اطراف سے تجاوزات نہ ہٹائی جا سکیں، ضلعی انتظامیہ کی غفلت اور لاپروائی کے باعث نہ صرف شہری خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے بلکہ پیدل چلنے والے شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اردو بازار اور گنپت روڈ پر کتابوں کے سٹالز فٹ پاتھوں پر پھیل چکے ہیں، جس کے باعث پیدل چلنے کی جگہ محدود ہو گئی ہے، اسی طرح لوہاری اور بھاٹی گیٹ کے اطراف بھی تجاوزات نے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر کر دی ہے بلکہ فٹ پاتھ بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو سڑک پر چلنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے، جو حادثات کا خطرہ بڑھا رہا ہے۔ تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی مایوس کن ہے، کئی بار ہدایات جاری ہونے کے باوجود باقاعدہ کارروائی نہیں کی گئی، جس سے تاثر ملتا ہے کہ ادارے مکمل طور پر بے بس یا غیر سنجیدہ ہیں۔