لاہور میں 2 لاکھ 72 ہزار سٹریٹ لائٹس کی مرمت کا عمل شروع
08-20-2025
(لاہور نیوز) حکومت کی جانب سے گزشتہ چار سالوں کے بعد شہر بھر کی 2 لاکھ 72 ہزار سٹریٹ لائٹس کی مرمت اور بحالی کا عمل شروع کر دیا گیا۔
ای ٹینڈرنگ، ٹیکنیکل تخمینہ اور ورک ایوارڈ فنانشل بولی کے مراحل مکمل ہو چکے ہیں اور شہر کی ڈیڑھ لاکھ سے زائد بند سٹریٹ لائٹس کو دوبارہ روشن کرنے کیلئے ہوم ورک بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے اس بات کا اعلان کیا کہ لائٹس کی مرمت کا باقاعدہ آغاز ستمبر 2025 سے ہو جائے گا، جس کے بعد لاہور کی گلیاں اور شاہراہیں ایک نئی روشنی میں ڈوب جائیں گی۔ رپورٹس کے مطابق سٹریٹ لائٹس کی مرمت کیلئے 6 زونوں میں 76 کروڑ روپے کی نئی لائٹس حاصل کی جائیں گی، ابتدائی مرحلے میں ایک لاکھ سے زائد بند پوائنٹس کی خریداری کا آرڈر دے دیا گیا ہے۔ ان تمام اقدامات سے شہر بھر کے لاکھوں مکینوں کو فائدہ پہنچے گا اور لاہور کی سڑکوں کی روشنی میں نمایاں اضافہ ہو گا۔