دریائے راوی میں نچلے درجے کا سیلاب، آئندہ 24 گھنٹے اہم قرار
08-19-2025
(لاہور نیوز) دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 53 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 36 ہزار کیوسک ہے اور صورتحال نارمل بتائی جا رہی ہے تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ سیلاب کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ، ریسکیو، سول ڈیفنس اور محکمہ صحت پوری طرح الرٹ ہیں، تحصیل راوی کی اسسٹنٹ کمشنر نے گزشتہ رات دریائے راوی کے مختلف مقامات کا دورہ بھی کیا اور پیرا فورس کے ہمراہ حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ ریسکیو 1122 نے دریا کنارے ایمرجنسی کیمپ قائم کر دیا ہے، جس میں لائف جیکٹس، کشتیاں، لائف لائنز، 12 ارکان پر مشتمل الرٹ ٹیم موجود ہے۔ سول ڈیفنس کی جانب سے بھی حفاظتی اقدامات مکمل ہیں، کیمپ میں 4 ہزار لائف جیکٹس موجود ہیں، محکمہ صحت نے بھی میڈیکل کیمپ قائم کر دیا ہے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد دی جا سکے۔