لیسکو : خراب سنگل اور تھری فیز میٹرز کی تبدیلی کیلئے پالیسی متعارف
08-19-2025
(لاہور نیوز) لیسکو نے انڈسٹریل میٹرز کے بعد سنگل اور تھری فیز خراب میٹرز کی تبدیلی کیلئے بھی ایم اینڈ ٹی رپورٹ کو لازمی قرار دے دیا۔
نئی پالیسی کے تحت خراب میٹرز کی تبدیلی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جس میں فیلڈ افسران کو متعارف کرائی گئی ہدایات کی پیروی کرنا ہو نگی۔ ذرائع کے مطابق لیسکو انتظامیہ نے فیلڈ افسران کو خراب میٹرز پر "ڈیفیکٹو" کوڈ لگانے سے بھی روک دیا ہے اور میٹرز جلنے یا خراب ہونے کی صورت میں اب ایم اینڈ ٹی ٹیم موقع پر جا کر چیک کرے گی، یہ اقدامات اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کئے جا رہے ہیں کہ میٹرز کی تبدیلی کی کارروائی درست اور شفاف طریقے سے کی جائے۔ ایم اینڈ ٹی رپورٹ کی ضرورت اس لئے رکھی گئی ہے تاکہ خراب میٹرز کی تبدیلی میں کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا بدعنوانی کا سدباب کیا جا سکے اور صارفین کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔